اداکارہ مومل شیخ نے تنازعات سے دور رہنے کی وجہ بتا دی
معروف اداکارہ مومل شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے تنازعات سے دور رہنے کی بڑی وجہ ان کی شخصیت ہے کیونکہ وہ ایک اچھی لڑکی ہیں، اس لیے سکینڈلز سے دور رہتی ہیں۔مومل شیخ حال ہی میں ساتھی اداکار محب مرزا کے ہمراہ ’’دی ٹاک ٹاک شو‘‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں، اداکارہ نے اپنے ڈرامے ’رضیہ‘ پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ ڈرامے میں والدہ کے کردار کو چاہنے کے باوجود منع نہیں کر پائیں، ان کے مطابق ہدایت کار نے جب انہیں پیش کش کی تو وہ سمجھ گئیں کہ وہ ڈرامے میں کم عمر بچی ’رضیہ‘ کا کردار ادا نہیں کر سکتیں جبکہ ہدایت کار انہیں ماہرہ خان والا کردار آفر نہیں کریں گے، اس لیے انہیں ماں کا کردار ہی کرنا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ وہ چاہ رہی تھیں کہ وہ ڈرامے میں ماں کا کردار ادا نہ کریں لیکن کہانی اتنی اچھی تھی کہ وہ منع ہی نہیں کر پائیں اور انہوں نے والدہ کا کردار ادا کیا، محب مرزا نے بتایا کہ وہ بھی چاہنے کے باوجود ڈرامے میں والد کے کردار کو منع نہیں کر سکے۔پروگرام میں جب مومل شیخ سے پوچھا گیا کہ آج تک ان کا کوئی تنازع یا اسکینڈل سامنے کیوں نہیں آیا؟ تو اس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ وہ بہت اچھی لڑکی ہیں، اس لیے ان کا کوئی تنازع سامنے نہیں آیا، انہیں تنازعات اور اسکینڈلز پسند نہیں ہیں اور یہ کہ آج تک ان کے ساتھ ایسا کوئی معاملہ ہوا ہی نہیں کہ کوئی کنٹروورسی بنے۔میزبان نے مومل شیخ سے مزید پوچھا کہ ان کی کیا خواہش ہے کہ ان سے متعلق کس طرح کا تنازع سامنے آئے، ان سے متعلق کس طرح کی افواہیں پھیلائی جائیں؟ مومل شیخ نے کہا کہ انہیں بنگلے، گاڑیوں، زیورات، کپڑوں اور جوتوں کی لاتعداد دولت سے متعلق افواہیں بلکل پسند نہیں۔میزبان نے انہیں کہا کہ اگر کوئی یہ افواہ پھیلائے کہ مومل شیخ کسی کے ساتھ لندن جا رہی ہیں تو انہیں کیسا لگے گا؟ اس پر اداکارہ نے کہا کہ انہیں اس طرح کی گندی افواہیں بھی پسند نہیں، واضح کیا کہ انہیں کسی طرح کے تنازع، اسکینڈلز اور خود سے متعلق افواہیں پسند ہی نہیں ہیں۔