کفایت شعاری سے بچائی گئی رقم عوام پر خرچ کی جائےگی،شہبازشریف

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومتی کفایت شعاری و سادگی کے اقدامات سے بچائی گئی رقم کو عوام پر خرچ کیا جائے گا۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور حکومت کی جانب سے عوامی ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ریلیف کی رقم پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے حامل افراد کو ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کرنا شروع کردی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ایک مؤثر اور شفاف نظام کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں، ویگنوں اور گڈز ٹرانسپورٹ کے ٹرکوں اور مال بردار گاڑیوں کو سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی شروع کردی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہاکہ حکومت معاشی طور پر کمزور طبقے پر ریلیف کی فراہمی جلد سے جلد ممکن بنانے کی کوشاں ہے اور مشکل وقت میں اپنی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکل حالات میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومتی کفایت شعاری و سادگی کے اقدامات سے بچائی گئی رقم کو عوام پر خرچ کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر عوام کو ریلیف کے اقدامات کے نفاذ پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
