مون سون بارشیں،جاں بحق افراد کی تعداد 216 تک پہنچ گئی

ملک بھر میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد 26 جون سے 20 جولائی تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 216 ہوگئی ہے۔

(این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 12 ہلاکتیں پنجاب جبکہ ایک خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہوئی، جاں بحق افراد میں 4 بچے اور 3 خواتین بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اب تک پنجاب میں سب سے زیادہ 135 اموات ہوچکی ہیں، خیبرپختونخوا میں 42، سندھ میں 21، بلوچستان میں 16 جبکہ اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں ایک ایک ہلاکت ریکارڈ کی گئی۔

جاں بحق افراد میں 75 مرد، 40 خواتین اور 101 بچے شامل ہیں۔

ادھر گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 20 افراد زخمی ہوئے، جس کے بعد زخمیوں کی مجموعی تعداد 582 ہو گئی ہے۔ ان میں 227 مرد، 163 خواتین اور 192 بچے شامل ہیں۔ تازہ زخمیوں میں 16 پنجاب، 3 گلگت اور ایک آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھتا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے زیادہ تر واقعات مکان گرنے، سیلابی ریلے، آسمانی بجلی گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور پانی میں ڈوبنے کے باعث پیش آئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 26 جون سے اب تک 779 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئے جبکہ 195 مویشی بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔

Back to top button