مون سون نے تباہی مچادی،حادثات میں11افراد جاں بحق

ملک بھر میں مون سون کی بارشوں نے تباہی مچادی۔مختلف حادثات میں 11افراد جاں بحق ہو گئے۔
ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ لاہور میں صبح سویرے ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر کا نظام درہم برہم کر دیا، جہاں کئی سڑکیں زیرِ آب آ گئیں اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔
اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، جب کہ ناقص نکاسی آب کے انتظامات نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔
قصور میں کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات کے نتیجے میں دو بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہو گئیں، جب کہ دیگر شہروں میں آسمانی بجلی گرنے اور دیگر حادثات میں مجموعی طور پر 11 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
ادھر بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔
کراچی میں بھی رات گئے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، گلشن حدید، نیشنل ہائی وے اور مضافاتی علاقوں میں بونداباندی نے موسم کو خوشگوار ضرور بنایا، تاہم شہریوں کو سڑکوں پر پھسلن اور پانی جمع ہونے کا سامنا رہا۔
