ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

گزشتہ رات لاہور، لودھراں، جھنگ، موسیٰ خیل، پشاور، باجوڑ اور ملاکنڈ سمیت کئی علاقوں میں بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شمالی وزیرستان میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری رہی، جبکہ تیز بارش کے باعث موسم سرد ہو گیا اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا۔

بالائی علاقوں میں بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ پر گزشتہ رات سے برفباری جاری ہے، جبکہ چلاس اور اس کے اطراف میں بھی وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی گئی۔

لاہور میں مسلسل چھ گھنٹے تک بارش ہوتی رہی، جس کے بعد صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ایم ڈی واسا کو فوری طور پر نکاسی آب کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے پانی کے بروقت اخراج کو یقینی بنایا جائے اور زیر تعمیر مقامات پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔ مزید یہ کہ اہم سڑکوں اور انڈر پاسز کی نگرانی کیمروں کے ذریعے جاری ہے۔

دوسری جانب وریشمی کلہ میں بارش کے باعث ایک گھر کی چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے، جس کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

Back to top button