پنجاب میں آج سے مزید بارشوں کاامکان : پی ڈی ایم اے

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج مون سون کی موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، جب کہ مون سون بارشوں کا موجودہ (چوتھا) سلسلہ خاصا طاقتور بتایا جا رہا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مون سون کا چوتھا اسپیل 25 جولائی تک جاری رہنے کی توقع ہے، اور اس دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔

راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں بارشیں متوقع ہیں، جب کہ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ملتان بھی بارش کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کے مطابق بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ ہے۔ اس حوالے سے ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

مون سون بارشیں،جاں بحق افراد کی تعداد 216 تک پہنچ گئی

ترجمان کے مطابق دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے، جب کہ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقامات پر دریائے سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام کو نشیبی علاقوں سے دور رہنے، مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Back to top button