پنجاب میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ اور طغیانی کا خدشہ: پی ڈی ایم اے

پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر رہا ہے، اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جب کہ لاہور، راولپنڈی اور گجرانوالہ میں اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
ادارے کے مطابق مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے، جبکہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نارووال کے علاقے میں نالہ بئیں میں اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاط برتنے، نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
