ایم کیو ایم کا27ویں ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات دینے کا مطالبہ

ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے نکات شامل کیے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی، جس میں مجوزہ آئینی ترمیم سمیت مختلف سیاسی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ڈاکٹر فاروق ستار شامل تھے۔
وفد نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ 27ویں ترمیم میں بلدیاتی اختیارات سے متعلق ایم کیو ایم کے آئینی مسودے کو شامل کیا جائے تاکہ مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ حاصل ہو۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایم کیو ایم کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے بلدیاتی اختیارات سے متعلق مسودے کو ترمیم کا حصہ بنایا جائے گا۔
ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے پارٹی کے مجوزہ بلدیاتی ترمیمی نکات کی مکمل حمایت پر آمادگی ظاہر کی ہے، جو ملاقات کا مرکزی نکتہ تھا۔
ملاقات کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم نے 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اتحادیوں کو اعتماد میں لیا ہے اور بلدیاتی اختیارات پر تفصیلی مشاورت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت 27ویں آئینی ترمیم پیش کرنے کی تیاری میں ہے، اور ذرائع کے مطابق یہ ترمیم رواں ماہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کرائی جانے کا امکان ہے۔
