ایم کیو ایم کاسانحہ گل پلازہ کے بعدسندھ حکومت سےمستعفی ہونےکامطالبہ

متحدہ قومی موومنٹ نے سانحہ گل پلازہ کی جوڈیشل انکوائری کرانے سمیت وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اطلاعات شرجیل میمن اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہاکہ حکومت جوڈیشل کمیشن کے قیام پر کس بات سے ڈر رہی ہے، ایم کیو ایم کسی صورت اس مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔سانحہ گل پلازہ سے توجہ ہٹانے کے لیے من گھڑت کہانیاں بنائی جا رہی ہیں، لیکن ہم شہدا کو ہر صورت انصاف دلا کر رہیں گے۔
فاروق ستار نے کہاکہ اگر حکومت کمشنر کراچی سے انکوائری کرائے گی تو پھر کون اسے قبول کرےگا۔
ایم کیو ایم رہنما نے ایک بار پھر کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت 18 سال سے کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔سیکیورٹی دینا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، اگر یہ سیکیورٹی نہیں دیں گے تو ہم وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔
فاروق ستار نےچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اس سے قبل کہ سندھ میں آگ بھڑکے وہ بحیثیت چیئرمین پی پی پی وزیراعلیٰ سندھ، وزیراطلاعات اور میئر کراچی سے استعفے لے لیں۔
