ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی کا کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ

ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی، ارشد وہرا نے کراچی شہر کے انتظامی امور وفاق کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ارشد وہرا نے کہا کہ سپریم کورٹ سے پاکستان کا نام بھی نکال دیا گیا ہے اور صدر کو استثنیٰ دینے کی بات بھی سامنے آئی ہے، جسے مفتی تقی عثمانی نے اسلام کے منافی قرار دیا ہے۔
ارشد وہرا نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں تین ماہ میں انڈر پاس بن جاتا ہے، جبکہ کراچی میں کئی سال لگ جاتے ہیں، جس کے باعث شہر کے لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں اور شہری مسائل حل نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو وفاق کے تحت لایا جائے تاکہ شہر کے مسائل جلد حل ہو سکیں۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی، فاروق ستار نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعتوں کا مقصد اقتدار حاصل کرنا ہوتا ہے اور عوام کی بھلائی کبھی ترجیح نہیں رہی، یہی ماضی کا خلاصہ ہے۔
