ایم کیو ایم نے سانحہ گل پلازہ کے تحقیقاتی کمیشن پرتحفظات کا اظہار کر دیا

ایم کیو ایم پاکستان نے سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔
کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی رہنما فاروق ستار نے کہا کہ موجودہ تحقیقات کے طریقہ کار پر وہ اپنی رائے محفوظ رکھتے ہیں، تاہم وہ عدالت کی معاونت کے لیے حاضر ہوئے ہیں۔
فاروق ستار نے بتایا کہ ایم کیو ایم نے دستاویزات جمع کرائی ہیں جو گل پلازہ کی عمارت کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کے خلاف مقدمہ کیا ہوا اور غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کب کی جائے گی۔
سانحہ گل پلازہ: بچے ماچس سے کھیل رہے تھے اور آگ بھڑک اٹھی،ایس ایس پی کا کمیشن کے سامنے بیان
انہوں نے مزید کہا کہ 19 فروری کو تفصیلات ای میل کے ذریعے کمیشن کو بھیجی گئی تھیں، لیکن انہیں بتایا گیا کہ درخواست ضرورت کے مطابق نہیں ہے۔ کمیشن سے ان کا مطالبہ ہے کہ کم از کم ایک گھنٹہ ان کے وکیل اور آدھا گھنٹہ خود فاروق ستار کو سنا جائے۔
فاروق ستار نے کہا کہ گزشتہ 18 سال سے حکومت کرپشن میں ملوث رہی ہے اور ایم کیو ایم کے پاس اس کے متعلق ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم بطور پارٹی کمیشن میں فریق بن سکتی ہے اور اس سلسلے میں پارٹی ایک تفصیلی پریس کانفرنس بھی کرے گی۔
