محمد علی جناح کی پڑنواسی کی پیرس فیشن شو میں شرکت

 

 

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقد ہونے والا ڈیبوٹنٹ بال debutant ball نامی فیشن شو اس برس بانی پاکستان محمد علی جناح کی پڑنواسی ایلا واڈیا کی شرکت کی وجہ سے خصوصی اہمیت اختیار کر گیا۔ ایلا واڈیا محمد علی جناح کی پڑنواسی ہونے کے علاوہ معروف انڈین کاروباری شخصیت جہانگیر واڈیا اور فیشن ڈیزائنر سیلینا واڈیا کی بیٹی ہیں۔

 

ایلا واڈیا نے نہ صرف فیشن کی دنیا کے اس عالمی پلیٹ فارم پر اپنی موجودگی رجسٹرڈ کروائی بلکہ جناح کے خاندان کی نئی نسل کے طور پر بین الاقوامی توجہ بھی حاصل کی۔ ان کی شمولیت نے یاد دلایا کہ اگرچہ جناح کا خاندان اب انڈیا میں آباد ہے، لیکن وہ عالمی سماجی حلقوں میں اپنی شناخت اور تاریخی نسبت کے ساتھ اب بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ محمد علی جناح کی واحد اولاد، دینا جناح نے پارسی صنعتکار خاندان کے چشم و چراغ نیویل واڈیا سے شادی کی تھی۔ اس رشتے نے تب خاصا تہلکہ برپا کیا تھا اور جناح اور انکے بیٹی کے تعلقات کو ہمیشہ کے لیے کشیدہ کر ڈالا تھا۔ دینا اور نیویل کے صاحبزادے نسلی واڈیا بعد ازاں بھارتی صنعتی دنیا کے نمایاں ترین رہنماؤں میں شامل ہوئے اور آج واڈیا گروپ کے چیئرمین ہیں۔ نسلی واڈیا کے دو بیٹے جہانگیر واڈیا اور نس واڈیا ہیں، اور ایلا واڈیا جہانگیر واڈیا کی صاحبزادی ہیں۔ اس لحاظ سے ایلا واڈیا بانیٔ پاکستان محمد علی جنا کی پڑنواسی ہیں۔

دو لڑکیوں کے قاتل جج کے بیٹے کی حوالات میں عیاشیاں

پیرس میں منعقد ہونے والا ڈیبوٹنٹ بال 1958 سے ہر سال منعقد ہوتا آ رہا ہے اور دنیا کے ممتاز ترین رئیس خاندانوں کی نوجوان خواتین کے لیے ایک اہم سماجی موقع سمجھا جاتا ہے۔ یہ تقریب اُس تاریخی عمارت میں ہوتی ہے جو کبھی پرنس رولینڈ بوناپارٹ کی رہائش گاہ تھی۔ لی بال میں صرف بیس ایسی نوجوان خواتین کو مدعو کیا جاتا ہے جن کی عمر اکیس برس سے کم ہو اور جن کا تعلق دنیا کے بااثر، ممتاز یا شاہی خاندانوں سے ہو۔

 

اس سال بھی تقریب میں حقیقی شہزادیوں، بااثر کاروباری شخصیات کی بیٹیوں، ہالی وڈ کی نامور ہستیوں کے خاندانوں اور عالمی سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی نوجوان خواتین نے شرکت کی، مگر ایلا واڈیا کی آمد نے ان سب میں ایک منفرد رنگ بھر دیا۔ ان کی شرکت نہ صرف ان کی اپنی شخصیت کے باعث قابلِ ذکر تھی بلکہ اس لیے بھی کہ وہ برصغیر کی سب سے تاریخی شخصیت، محمد علی جناح، کی نسل سے تعلق رکھتی ہیں۔

 

پیرس میں منعقدہ تقریب میں شریک خواتین خصوصی طور پر ڈیزائن کیے گئے کوٹور لباس پہنتی ہیں جن کی قیمت پچاس ہزار سے لے کر دس لاکھ ڈالرز تک ہوتی ہے۔ ایفل ٹاور کے دلکش منظر والے بالکونی میں نوجوان ڈیبوٹنٹس debutants کی تصاویر اور ویڈیوز کی تیاری اب اس تقریب کی روایات میں شامل ہو چکی ہے۔ ماضی میں ہالی وڈ اداکارہ للی کولنز اور مارگریٹ کوالی سمیت کئی نمایاں شخصیات کی بیٹیاں بھی اس تقریب میں شامل ہوتی رہی ہیں۔ تقریب کی خالق اور معروف ایونٹ پلانر اوفیلی کے مطابق لی بال ایونٹ کروانے کا مقصد نوجوان خواتین کے انداز، انکی شخصیت، دوستیوں اور ایک خواب ناک رات کے جشن کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔ اسی وجہ سے اس تقریب کو بعض حلقوں میں ’’نوجوانوں کا میٹ گالا‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔

Back to top button