محمد وسیم نےانٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کاٹائٹل نام کرلیا

لاہور میں 4 روز تک جاری رہنے والی انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی، پاکستانی باکسر محمد وسیم نے ٹائٹل کا دفاع کامیابی سے کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی باکسرز کے دلچسپ مقابلے دیکھے۔
لاہور میں 4 روزہ انٹرنیشنل باکسنگ میلے میں مجموعی طور پر 21 فائٹس ہوئیں، جس میں 15 ممالک سے 44 باکسرز نے ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد چیمپیئن شپ میں شرکت کی۔
آخری روز ’فائٹ فار گلوری‘ کے نام سے ڈبلیو بی اے گولڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل کے لیے قومی باکسر محمد وسیم اور تھائی باکسر جکراوت کے درمیان زور کا جوڑ پڑا۔
12راؤنڈز تک جاری رہنے والی فائٹ میں محمد وسیم فاتح قرار پائے، جیت کے بعد محمد وسیم نے کہا سپورٹ کرنے پر عوام کا مشکور ہوں، انہوں نے پاک آرمی اور حکومت پنجاب کا بھی شکریہ ادا کیا، غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاک آرمی اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے غیر معمولی سیکورٹی فراہم کی گئی۔
قبل ازیں، چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لیے 15 ممالک کے 44 باکسرز 20 نومبر سے 23 نومبر تک مختلف اوقات میں پاکستان پہنچے تھے، جن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
26نومبر کو ہونے والے مقابلوں میں جرمنی، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور پاکستانی باکسر سمیت 4 باکسرز آپس میں مد مقابل ہوئے، 26 نومبر کو ہونے والے مقابلوں میں کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
