ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کاٹیم سےعلیحدگی کا اعلان

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے ٹیم سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
علی ترین نے ملتان سلطانز سے علیحدگی کا اعلان سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کیا۔
علی ترین نے ایکس پر ملتان سلطانز کے فینز کے نام پیغام جاری کرتے ہوئےکہا کہ اس ٹیم کا حصہ ہونا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے۔ میں شائقین سے محبت کرتا ہوں، میں اس ٹیم سے محبت کرتا ہوں اور میں جنوبی پنجاب کی نمائندگی کرنے کے قابل ہونے سے بہت محبت کرتا ہوں۔ یہ وہ چیز تھی جس پر میرے مرحوم چچا عالمگیر ترین خاص طور پر فخر کرتے تھے۔
علی ترین نےکہا کہ میں ہر سیزن میں اپنے کھلاڑیوں اور اسٹاف کو بتاتا رہا ہوں کہ اس ریجن کی نمائندگی کرنا کیا معنی رکھتا ہے۔ یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں لوگ محنت کرتے ہیں، اپنے حقوق کے لیے لڑتے ہیں اور ہر روز چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں۔
علی ترین کا کہنا تھا کہ سال بہ سال مالی نقصانات کے باوجود میں نے کبھی بھی چھوڑ کر جانے کے بارے میں نہیں سوچا۔ سُلطانز میرے لیے ہمیشہ صرف اعداد و شمار سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے اور میں ہمیشہ اسے محفوظ رکھنے کے لیے جتنا بھی ضروری ہوا ، کرنے کو تیار رہا ہوں۔
