ملتان سلطانز2ارب45کروڑ میں فروخت،نیانام راولپنڈی رکھ دیاگیا

پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز 2 ارب 45 کروڑ روپے میں بک گئی۔ ولی ٹیک نے سب سے زیادہ بولی لگا کر ٹیم خرید لی اور اس کا نیا نام راولپنڈی رکھ دیا۔
ملتان کی ٹیم کی نیلامی کی تقریب لاہور میں ہوئی جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی شریک ہوئے۔
آکشن تقریب میں سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بھی موجود تھے، پاکستان کے لیجنڈ بلے باز ظہیر عباس بھی ملتان کے آکشن کے موقع پر آئے۔ لاہور قلندرز کے مالکان ثمین رانا اور عاطف رانا بھی ایکسپو سنٹر لاہور میں ہونے والی آکشن میں شریک ہوئے۔
پی ایس ایل کی ٹیم ملتان کی نیلامی میں پانچ بڈرز شریک تھے۔ ملتان کی ٹیم کی نیلامی کے لیے بیس پرائس 182 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔
ملتان کی ٹیم کو ولی ٹیک نے 2 ارب 45 کروڑ روپے میں 10 سال کے لیے خریدلیا، ملتان پی ایس ایل کی سب سے مہنگی فرنچائز بن گئی ہے۔
پی سی بی کے مطابق مقررہ وقت کے اندر کُل 6 پروپوزلز موصول ہوئے، جن کی تفصیلی اور شفاف جانچ کے بعد 5 بڈرز کو تکنیکی طور پر اہل قرار دیا گیا جنہوں نے نیلامی میں حصہ لیا۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے 10 سالہ ملکیت کے معاہدے کی تجدید سے انکار کیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے فرنچائز کی نیلامی کا اعلان کیا تھا۔
