مراد علی شاہ کا دریائے سندھ پر نیا سکھر روہڑی پل بنانے کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دریائے سندھ پر نیا سکھر روہڑی پل بنانے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت 51ویں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سندھ میں بڑے انفرااسٹرکچر منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اجلاس میں نجی شعبےکی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اصلاحات کی بھی منظوری دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے دریائےسندھ پر نیا سکھر روہڑی پل بنانے کا اعلان کیا۔ نیا پل تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر طویل اور ملٹی لین ہوگا، بھاری گاڑیوں اور پیدل افراد کے لیے الگ راستے ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ نیا پل سکھر اور روہڑی سمیت ملحقہ علاقوں کو آپس میں منسلک کرے گا، نئے سکھر روہڑی پل سے موجودہ راستوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔
وزیربلدیات ناصر شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ سکھر اور روہڑی ایک مربوط شہری و معاشی راہداری ہیں، فی الحال مرکزی گزرگاہ لینس ڈاؤن پل ہے، جسےسکھر بیراج کی مدد حاصل ہے، مرمت کےباعث سکھر بیراج کم ازکم2027 تک عوامی آمدورفت کےلیےبند رہےگا۔
وزیربلدیات نے کہا کہ بھاری ٹریفک کو لینس ڈاؤن پل استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے، لینس ڈاؤن پل پر ٹریفک دباؤ سے ایمبولینس اور ایمرجنسی سروسز متاثر ہوتی ہیں، نئے پل سے ٹریفک جام اور رش میں واضح کمی متوقع ہوگی۔
