مسلم اُمہ کو متحد ہو کر تمام عصری چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا، اسحٰق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ دنیا ایک تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے اس لیے مسلم اُمہ کو متحد ہو کر تمام عصری چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔
بین الاقوامی قرات مقابلے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ غزہ، مقبوضہ کشمیر، لبنان، عراق، شام اور ایران و قطر پر حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا اور خصوصاً مسلم دنیا متعدد مسائل اور چیلنجز سے دوچار ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلم اُمہ مشترکہ عقائد اور ایمان کی بنیاد پر متحد ہے اور علماء کرام کو چاہیے کہ اُمہ میں اتحاد کی تعلیم دیں کیونکہ یہی مسلم دنیا کے مسائل کا بہترین حل ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ متحد رہیں، کیونکہ زمین پر کوئی طاقت ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتی اور اللہ تعالیٰ نے اُمہ کو وسائل سے نوازا ہے۔اسلامی تعلیمات کسی بھی قسم کے دہشت گردی اور انتہاپسندی کی اجازت نہیں دیتیں اور ایک انسان کو قتل کرنا پوری انسانیت کو قتل کرنے کے مترادف ہے، جبکہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔
وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ 2013 سے 2017 کے دوران نواز شریف کی قیادت میں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، تاہم 2018 میں کچھ غلطیاں ہوئیں جن کی وجہ سے 2021 سے 2025 کے دوران ہزاروں فوجی جوانوں کی قربانیاں دیں۔
