مظفرآباد : وفاقی وزرا اور جوائنٹ کمیٹی میں مذاکرات کامیاب ، اہم مطالبات منظور

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے مظفرآباد میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سے مذاکرات کے دوران ان کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے۔
یاد رہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 29 ستمبر کو احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں وزرا کو فوری طور پر مظفرآباد پہنچنے کی ہدایت دی تھی تاکہ مسئلے کا سیاسی حل تلاش کیا جا سکے۔
امیر مقام نے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئینی حدود میں رہتے ہوئے کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں بجلی 3 روپے فی یونٹ اور آٹا کم نرخوں پر فراہم کیا جا رہا ہے۔
تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کمیٹی کی جانب سے مہاجرین کی مخصوص نشستیں ختم کرنے کا مطالبہ غیر آئینی ہے، اور اسے قبول نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مطالبہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ وعدہ خلافی کے مترادف ہے۔
امیر مقام کے مطابق مذاکرات میں کمیٹی کو تفصیل سے آگاہ کیا گیا کہ مہاجرین کی نشستوں کا معاملہ آئینی اور قانونی نوعیت کا ہے، اور اگر کوئی تبدیلی درکار ہو تو عوامی مینڈیٹ لے کر اسمبلی میں آکر ترمیمی عمل اپنایا جا سکتا ہے۔
