NA–18 کیس : سہیل آفریدی کو الیکشن کمیشن نے طلب کر لیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے–18 ہری پور میں انتخابی ضابطۂ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کے معاملے پر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو طلب کر لیا ہے۔

ای سی پی 10 دسمبر کو ضمنی انتخابات سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے متعدد کیسز کی سماعت کرے گا، جس کے لیے تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔

سابق اپوزیشن لیڈر کی اہلیہ، شہر ناز عمر ایوب کی انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق دائر درخواست بھی اسی روز سنی جائے گی، جس میں جعل سازی اور فارم 47 فراہم نہ کیے جانے کے الزامات شامل ہیں۔

ضمنی انتخاب کے نتائج کی فوری دوبارہ گنتی کی درخواست بھی کمیشن کے سامنے ہے، جب کہ نتائج کی کنسولیڈیشن کا نوٹس جاری نہ کرنے کے خلاف بھی ایک درخواست دائر کی گئی تھی۔

اسی طرح مسلم لیگ (ن) کے رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی کی ڈی ایم او ایبٹ آباد کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے حذیفہ الرحمن کی ڈی ایم او ڈیرہ غازی خان کے حکم کے خلاف اپیل پر بھی سماعت کا وقت مقرر کیا ہے۔

مزید برآں، پی پی–269 مظفرگڑھ کے چند پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی اور ری پولنگ کی درخواست بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

محمد اقبال کی جانب سے حلقہ 269 میں ری پولنگ کی ایک الگ درخواست پر بھی کارروائی کی جائے گی۔

Back to top button