ندا یاسر اور یاسر نواز عوام کو چکر دینے کیلئے تیار
مارننگ شو کے دوران اپنی باتوں سے جادو جگانے والی میزبان ندا یاسر اوران کے شوہر ہدایتکار، پروڈیوسر یاسر نواز کی مشترکہ فلم ’’چکر‘‘ عوام کو چکر دینے کے لیے تیار ہوگئی ہے، فلم کا ٹیزر بھی ریلیز کر دیا گیا جبکہ اس کو عیدالفطر پر سینماؤں میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
فلم ’چکر‘ کی شوٹنگ گزشتہ ڈھائی سال سے جاری تھی لیکن کرونا وبا کی وجہ سے اس کی تکمیل میں تاخیر ہوئی، تاہم اب فلم کی ٹیم نے اس کی پہلی جھلک جاری کرتے ہوئے اسے عیدالفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ندا یاسر اور نیلم منیر سمیت فلم کی دیگر ٹیم نے ’چکر‘ کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ٹیم نے بڑی محنت سے ’چکر‘ کو بنایا ہے جوکہ مکمل طور پر کمرشل فلم ہے جسے دیکھ کر شائقین کافی ذیادہ محظوظ ہوں گے۔ فلم کی کاسٹ میں یاسر نواز سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں، ممکنہ طور پر اس میں فیروز خان اور ماورا حسین بھی مختصر کرداروں میں دکھائی دیں گے۔
‘جانو جرمن’ کا کردار 25 سال بعد بھی مقبول کیوں ہے؟
’چکر‘ کے حوالے سے ماضی میں ندا یاسر نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اگرچہ فلم کی کہانی ایک قتل کی گتھی سلجھانے کے گرد گھومتی ہے تاہم فلم مکمل طور پر کمرشل ہے اور شائقین کو خوش کرنے میں کامیاب ہو جائے گی، ندا یاسر نے فلم کی کہانی سے متعلق مزید کچھ کہنے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ ’چکر‘ میں شائقین کو سسپینس سمیت کامیڈی بھی دیکھنے کو ملے گی۔
بتایا گیا ہے کہ فلم ’چکر‘ کی شوٹنگ سندھ کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں کی گئی۔ فلم کے ٹیزر میں سندھ کے مختلف علاقوں کے مناظر بھی شامل کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ ’چکر‘ سے قبل ندا یاسر نے شوہر کی رانگ نمبر سیریز اور مہرالنسا وی لب یو جیسی فلموں کو بھی پروڈیوس کیا تھا۔