اداکارہ نادیہ افگن نے بچے گود لینے سے انکار کیوں کر دیا؟

سینئر اداکارہ نادیہ افگن نے انکشاف کیا ہے کہ بچوں کو گود لینا بہت بڑی ذمہ داری ہے، اس لیے وہ بچوں کو گود لینے کا رسک نہیں لیں گی، کیونکہ وہ جوابدہ نہیں ہونا چاہتیں کہ انہوں نے اس بچے کے حقوق پورے کیے یا نہیں۔نادیہ افگن نے حال ہی میں فوچیا میگزین کو انٹرویو دیا جہاں انہوں نے بے اولادی، اسقاط حمل اور چھوٹی عمر کے شوہر سے شادی کرنے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی، انہوں نے بتایا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ دہائی کے دوران ان کے دو حمل ضائع ہو چکے ہیں جب کہ تین بار انہوں نے بے اولادی کا علاج بھی کروایا مگر انہیں ناکامی ملی۔اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے آئی وی ایف کے ذریعے بھی بچہ پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی اور ہارمونز کی خرابی کے باعث وہ موٹاپے کا بھی شکار ہوئیں، جس کی وجہ سے وہ کافی عرصہ ڈپریشن میں بھی رہیں، میرے شوہر مجھ سے 12 سال چھوٹے ہیں، اگر دو لوگوں کے درمیان ایک دوسرے کے لیے عزت اور پھر محبت ہے تو عمر سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اپنی عمر سے چھوٹے لڑکے سے شادی کرنے سے قبل والدہ کو تھوڑا اعتراض تھا لیکن مجھے لوگوں کی باتوں سے فرق نہیں پڑتا، ہاں مجھے دوسری شادی کرنے سے قبل تھوڑا ڈر تھا کہ کہیں میں دوبارہ اپنی زندگی کے 4 سال ضائع نہ کردوں لیکن اب الحمداللہ ہماری شادی کو 17 سال ہوگئے ہیں۔نادیہ افگن نے کہا کہ ’پہلا بچہ ضائع ہونے کے بعد دوسری بار اسقاط حمل سے گزرنا پڑا جس کے بعد میں نے اپنے شوہر سے کہا کہ اب میں مزید اس تکلیف سے نہیں گزر سکتی، اللہ کی طرف سے جب اولاد کی نعمت نہیں ہے تو ہمیں اسی کی رضا میں راضی ہو جانا چاہئے، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ اس مسئلے پر آپ کا اللہ پر ایمان کہاں ہوتا ہے، اگر اللہ کی طرف سے مجھے بچوں کی نعمت نہیں دی گئی تو اس کی کوئی وجہ ہوگی۔نادیہ افگن کا کہنا تھا کہ ہم نے بچے کو گود لینے کے بارے میں نہیں سوچا، میں اگر ایک بچے کو اپنے گھر لے کر آؤں گی تو وہ میری ذمہ داری ہوگی، مجھے اسے پڑھانا ہے اور اپنا پورا وقت بھی دینا ہوگا، اداکارہ کے مطابق اس سے پہلے میں کبھی بھی میں سوشل میڈیا ٹرولنگ یا کسی اسکینڈل کا نشانہ نہیں بنی، میں بہت سیدھی بات کرتی ہوں۔اداکارہ کے مطابق لوگوں کی تنقید پر انہوں نے کبھی کوئی جواب نہیں دیا، اس کے بجائے انہوں نے کمنٹ سیکشن بند کر کے سوشل میڈیا سے کچھ وقت کے لیے کنارہ کشی اختیار کی، مداحوں سے درخواست کی اگر انہیں کسی اداکارہ کی بات بُری لگتی ہے تو تہذیب کا دامن ہاتھ سے مت چھوڑیں۔نادیہ افگن نے کہا کہ ’اگر مجھ پر بھی کوئی تنقید کرے گا تو مجھے بُرا نہیں لگے گا، میں نے مداحوں کا دل دکھانے کے لیے وہ بات نہیں کی تھی اور نہ ہی میں نے اتنے بُرے طریقے بولا تھا، وہ ایک سال میں مشکل سے دو ڈرامے کرتی ہیں، میں بہت سارے پروڈکشن ہاؤسز کے ساتھ کام نہیں کرتیں۔یاد رہے کہ جون 2023 کو نادیہ افگن نے ایک پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یمنیٰ زیدی اوور ریٹڈ اداکارہ ہیں، اس تبصرے پر انہیں سوشل میڈیا پر کئی بار ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا، یمنیٰ زیدی کے مداحوں کی جانب سے ان پر سخت تنقید کی گئی یہی نہیں بلکہ پاکستان کی سینئر اداکاروں نے بھی نادیہ افگن کے تبصرے پر ردعمل دیا جن میں بشریٰ انصاری اور نادیہ جمیل بھی شامل ہیں۔
