متنازع ٹوئٹ،نسیم شاہ پر 2 کروڑ روپےجرمانہ عائد

پاکستان کرکٹ بورڈ نے متنازع ٹوئٹ پر فاسٹ بولر نسیم شاہ پر 2 کروڑ روپے کا جرمانہ کردیا۔
پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ پر پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔پی سی بی نے 27 مارچ 2026 کو ایک شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، جس میں خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نسیم شاہ سے وضاحت طلب کی گئی تھی۔
نسیم شاہ کا جواب موصول ہونے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد 30 مارچ کو تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے کیس کی سماعت کی۔
نسیم شاہ کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے فیصلہ دیا کہ غیر مشروط معافی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی نسیم شاہ سینٹرل کنٹریکٹ کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں، ان پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو پہلے ہی برطرف کر دیا ہے جب کہ پی سی بی بھی اس ایڈوائزر کو بلیک لسٹ کرے گا تاکہ وہ آئندہ پی سی بی کے دائرہ اختیار میں آنے والے کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ کام نہ کرسکے۔
پی سی بی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہےکہ وہ پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پاسداری اور کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
