BPL میں شامل قومی کھلاڑی مکمل لیگ نہیں کھیل سکیں گے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) مکمل کھیلنا ممکن نظر نہیں آ رہا۔

ذرائع کے مطابق قومی ذمہ داریوں کے باعث بیشتر پاکستانی کرکٹرز پورا ایونٹ نہیں کھیل سکیں گے، کیونکہ بی پی ایل میں منتخب ہونے والے کئی کھلاڑی اس وقت قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے مستقل کھلاڑیوں کو این او سی نہ دینے کا امکان موجود ہے، تاہم این او سی سے متعلق فیصلہ ہر کھلاڑی کے کیس کو الگ دیکھ کر کیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی تک بی پی ایل کے لیے این او سی جاری کرنے سے انکار تو نہیں کیا، لیکن بی پی ایل کی فرنچائزز کو کھلاڑیوں کی ممکنہ عدم دستیابی کا بخوبی اندازہ ہے، جس کے باعث وہ متبادل کھلاڑیوں پر بھی غور کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ بی پی ایل 26 دسمبر سے 23 جنوری تک شیڈول ہے، اسی دوران پاکستان ٹیم نے سری لنکا کا دورہ کرنا ہے، جب کہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز بھی جنوری کے اختتام میں طے ہے۔

بی پی ایل کے لیے صائم ایوب، خواجہ نافع، صفیان مقیم، صاحبزادہ فرحان اور محمد نواز کا انتخاب ہوا ہے، جب کہ جہانداد خان، احسان اللہ، حیدر علی، عثمان خان، ابرار احمد اور محمد عامر بھی شامل ہیں۔

صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، محمد نواز، عثمان خان اور ابرار احمد قومی اسکواڈ کا مستقل حصہ ہیں۔ پاکستان ٹیم 7، 9 اور 11 جنوری کو ڈمبولا اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

Back to top button