نیشنل گیمز: ارشد ندیم 81.81 میٹر تھرو کے ساتھ جیولن تھرو میں گولڈ میڈلسٹ قرار

قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جیولن تھرو ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز کے جیولن تھرو مقابلے میں ارشد ندیم نے 81.81 میٹر کی تھرو کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اس شاندار کامیابی کے نتیجے میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتا، جب کہ واپڈا کے یاسر سلطان نے 70.77 میٹر کی تھرو کے ساتھ سلور میڈل اپنے نام کیا۔
اسی ایونٹ میں پاکستان آرمی کے ابرار علی نے 67.68 میٹر کی تھرو کے ساتھ برانز میڈل حاصل کیا۔
بعد ازاں کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اولمپک چیمپیئن ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ نیشنل گیمز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بے حد اہم ایونٹ ہیں، اور یہی مقابلے مستقبل میں پاکستان کے لیے نئے ایتھلیٹس سامنے لاتے ہیں۔
ارشد ندیم کے مطابق اس ایونٹ میں بڑی تھرو کرنے کی ضرورت نہیں تھی، ’’میں ہر ایونٹ میں مقابلے کی نوعیت کے مطابق تھرو کرتا ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ اب انجری سے مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں اور اگلے اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے پر فوکس کیے ہوئے ہیں۔ ساتھ ساتھ انہوں نے دوسرے کھلاڑیوں کی رہنمائی بھی جاری رکھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنی زندگی کی سب سے اہم کامیابیاں انہوں نے کوچ سلمان بٹ کی رہنمائی میں حاصل کیں۔
