قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نےبھارت سےشکست کی ذمہ داری وکٹوں پرڈال دی

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ٹی20ورلڈکپ میں بھارت سےشکست کی ذمہ داری جلدی وکٹیں گرنے پرڈال دی۔
کولمبو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ نے کہاکہ بھارتی بلے باز ایشان کشن نے اچھی اننگز کھیلی، وہ ہم سے میچ لے گئے۔انہوں نے کہاکہ ہماری ابتدائی وکٹیں جلدی گرگئیں، جس کی وجہ سے پارٹنر شپ قائم نہیں ہوئی، ٹورنامنٹ میں آگے جانے کے لیے ہمیں بہتر کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
مائیک ہیسن نے کہاکہ سلمان علی آغا کے پہلا اوور کرانے کا پلان 3 روز پہلے بنایا تھا، دوسری اننگز میں گیند پہلی اننگز کے مقابلے میں زیادہ سلپ ہوئی۔عثمان طارق کا یہی رول تھا اور انہیں صحیح وقت پر بولنگ کے لیے لایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی ہے، جس کے بعد سپر ایٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستان کو نمیبیا کے خلاف میچ لازمی جیتنا ہوگا۔
کولمبو کے پریماداسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، اور بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز اسکور کیے، تاہم جواب میں قومی ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست پر سوشل میڈیا صارفین قومی ٹیم اور مینجمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
