ملک میں قومی اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے زور دیا ہے سیاسی اختلافات کو بڑھانے کے بجائے ملک میں قومی اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔
شور کوٹ میں وانا اور لکی مروت کے عمائدین سے ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ امریکا کی جانب سے وینزویلا کے صدر کے اغواء کے بعد دنیا ایٹمی تنازعے کے سنگین خطرے سے دوچار ہو گئی ہے۔ ان کے مطابق کمیونزم اور سرمایہ دارانہ نظام کی ناکامی نے عالمی نظام میں بے پناہ تبدیلیاں پیدا کردی ہیں اور پرانے سیاسی و اقتصادی ڈھانچے بکھرنے کے باعث دنیا شدید اضطراب کا شکار ہے۔
سربراہ جے یو آئی فضل الرحمان نے زور دیا ہے کہ بدلتے ہوئے عالمی سیاسی منظرنامے میں پاکستان کی قومی قیادت کی بصیرت کو سنجیدہ چیلنج کا سامنا ہے
انہوں نے کہاکہ بدلتے ہوئے عالمی سیاسی ماحول میں پاکستان کی قومی قیادت کی بصیرت کی جانچ ہو رہی ہے، اس لیے اس وقت سب سے بڑی ضرورت سیاسی کشیدگی کو ہوا دینے کے بجائے ملک میں ہم آہنگی اور اجتماعی سوچ کو فروغ دینا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ پچھلے دو صدیوں کے دوران خطے نے بادشاہت، نوآبادیاتی حکمرانی، جمہوریت اور کمیونزم جیسے متعدد سیاسی نظام دیکھے، مگر کوئی بھی انسانیت کی بھلائی اور فلاحی معاشرہ قائم کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ دنیا کے تمام نظام نوع انسانی کے دکھوں کا ازالہ کرنے اور فلاحی معاشروں کے قیام میں ناکام رہے ہیں۔
سربراہ جمعیت علما اسلام نے سائنسی ترقی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ سترہویں صدی میں انسانیت کو یہ باور کرایا گیا تھا کہ سائنس سب مسائل کا حل ہے، مگر حقیقت میں سائنس نے طاقت کے حصول اور خونریزی کو فروغ دیا۔
