نوین وقار نے ذاتی زندگی کو میڈٰیا پر نہ لانے کی وجہ بتا دی

معروف اداکارہ نوین وقار نے کہا ہے کہ وہ ذاتی زندگی پر بات کر کے لوگوں کی توجہ حاصل نہیں کرنا چاہتیں، لیکن شوبز انڈسٹری میں کچھ لوگ اپنی طلاق کو نمایاں کر کے سپاٹ لائٹ میں آتے ہیں۔حال ہی میں ایف ایچ ایم کو دیئے انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ کچھ لوگوں کے اپنے گھر میں اگر طلاق ہو جائے تو وہ بتاتے تک نہیں ہیں، وہ کچھ ایسے جوڑوں کو جانتی ہیں جن کی طلاق کے بارے میں انہیں بہت دیر بعد معلوم ہوا کیونکہ انہوں نے کسی کو نہیں بتایا تھا۔اداکارہ نے کہا کہ اب تو ہر کوئی سوشل میڈیا پر اپنی طلاق کی وجوہات اور ذاتی زندگی کے بارے میں سب کچھ بتا رہے ہیں لیکن وہ اپنی ذاتی پر بات نہیں کرنا چاہتیں۔ انہوں نے کبھی بھی اپنی ذاتی زندگی سے متعلق باتیں سوشل میڈیا پر نہیں کیں اور نہ وہ کبھی کریں گی، ان کے والدین نے انہیں اپنے گھر کی باتیں گھر تک محدود رکھنے کی تربیت دی ہے کیونکہ جب بات گھر سے باہر جائے گی تو اصل بات کے غلط مطلب نکالے جائیں گے۔نوین وقار نے کہا کہ بہت سارے لوگ طلاق پر بات کر کے توجہ حاصل کرتے ہیں لیکن انہیں ایسی توجہ نہیں چاہئے، انہوں نے کہا کہ وہ صرف اپنے کام کی وجہ سے توجہ کا مرکز بننا چاہتی ہیں۔ ان کی طلاق کو 7 سال گزر گئے ہیں لیکن انہوں نے کبھی اس بارے میں سوشل میڈیا پر بات نہیں کی، اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ دوبارہ شادی کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہیں اور جب اس حوالے سے وقت آئے گا تو وہ صارفین کو ضرور آگاہ
کریں گی، شادی کو چھپایا نہیں جا سکتا ہے۔