نواب ٹاؤن: نجی یونیورسٹی کی طالبہ دوسری منزل سے گر گئی، حالت تشویشناک

لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں رائے ونڈ روڈ پر واقع ایک نجی یونیورسٹی کی طالبہ دوسری منزل کی چھت سے نیچے گر گئی۔ پولیس کے مطابق 21 سالہ طالبہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی نواب ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچی اور ابتدائی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ طالبہ ڈی فارم کی طالبہ ہے اور نارنگ منڈی، ضلع شیخوپورہ کی رہائشی بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق چند روز قبل اسی یونیورسٹی میں ایک اور طالبعلم کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا۔ واقعے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ادارہ عارضی طور پر بند کر دیا ہے، جبکہ معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
