نواز شریف کا متحرک ہو کر نون لیگ کی کمانڈ سنبھالنے کا فیصلہ

قائد مسلم لیگ نون میاں نواز شریف نے پارٹی کی باگ ڈور مکمل اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔ نواز شریف نے نون لیگ کو ایک بار پھر متحرک کرنے کیلئے جہاں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے وہیں چاروں صوبوں کے ہنگامی سیاسی دورے کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔ نون لیگی ذرائع کے مطابق قائد نون لیگ میاں نواز شریف نے رمضان المبارک اور عید کی وجہ سے سیاسی سرگرمیاں محدود کر رکھی تھیں تاہم اب عید الفطر کی چھٹیاں گزرنے کے بعد وہ جلد سیاسی میدان میں متحرک ہونے والے ہیں۔ اپنی سیاسی سرگرمیوں کے دوران جہاں نواز شریف ملک کے مختلف علاقوں کے دورے کرینگے وہیں پنجاب کے مختلف شہروں میں عوامی جلسوں سے بھی خطاب کرینگے جہاں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز ان کے ہمراہ ہونگی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے ملک گیر جلسوں اور دوروں کے پروگرام کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جس کا اعلان جلد کر دیا جائےگا۔
خیال رہے کہ نواز شریف کی جانب سے پارٹی رہنماؤں سمیت دیگر لوگوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ،کچھ روز قبل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں رؤف عطا اور بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطااللہ لانگو نے ملاقات کی۔اس ملاقات میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے، ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ذرائع کے مطابق بلوچستان بار کے صدر میر عطا اللہ لانگو نے حالیہ صورتحال کے پیش نظر نواز شریف کو بلوچستان کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
ذرائع کے مطابق امید کی جا رہی ہے کہ قائد نون لیگ میاں نواز شریف اپنی عوامی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز بلوچستان سے کرینگے۔ جس کیلئے نواز شریف جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے اور وہاں پر لیگی عہدیداروں سمیت مختلف قبائل کے سرداروں سے ملاقاتیں کریں گے، ذرائع کے مطابق نواز شریف کے بلوچستان کے اس دو روزہ دورے میں مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔ نون لیگی ذرائع کے مطابق’نواز شریف بلوچستان میں امن چاہتے ہیں، اس کیلئے وہ تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنے کے خواہاں ہیں۔ نواز شریف چاہتے ہیں کہ ملک میں امن و امان قائم ہو چاہے اس کے لیے انہیں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ بیٹھنا پڑے تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔‘
لیگی ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عید کے بعد سیاسی طور پر متحرک ہونے کا فیصلہ کیا ہے، عید کے بعد نواز شریف کے بلوچستان کے بعد دوسرا دورہ خیبر پختونخوا کا ہوگا، جہاں وہ پارٹی کے تنظیمی معاملات کا جائزہ لیں گے۔نواز شریف کی خیبر پختونخوا آمد پر پشاور سمیت دیگر شہروں میں پارٹی کنونشن منعقد کیے جائیں گے جہاں کچھ سینیئر رہنماؤں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا امکان ہے، ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کے خیبرپختونخوا کے دورے کے دوران پرویز خٹک بھی مسلم لیگ ن میں شامل ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کپیٹن محمد صفدر اور امیر مقام مختلف سیاسی رہنماؤں کی نون لیگ میں شمولیت کے معاملات دیکھ رہے ہیں، خیال رہے کہ اس سے قبل اے این پی کے زاہد خان نے نواز شریف سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی تھی، اسی طرح دیگر سیاسی رہنما بھی مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کریں گے، خیبر پختونخوا کے بعد نواز شریف گلگت بلتستان کا بھی دورہ کریں گے۔
جنرل ضیاء نے مولوی مشتاق سے ملکر بھٹو کو سزا کیسے دلوائی ؟
لیگی ذرائع نے بتایا کہ حال ہی میں نواز شریف نے پنجاب کے مختلف ڈویژن کے ایم پی ایز سے ملاقاتیں کیں اور پنجاب کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ بھی لیا ہے، نواز شریف کو سیالکوٹ،گوجرانولہ اور اوکاڑہ میں پہلا جلسہ کرنے کا مشورہ دیاگیا لیکن نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو بتادیا ہےکہ عید کے بعد ان تمام پروگرام کا جائزہ لیا جائے گا۔بہرحال پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف پہلے بلوچستان اور پھر خیبر پختونخوا کا دورہ کریں گے، پنجاب میں جلسوں کے انعقاد سے قبل نواز شریف سندھ کا بھی دورہ کریں گے، اس حوالے سے پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال بھی کہہ چکے ہیں کہ عید کے بعد نواز شریف پورے پاکستان میں دورے کرنے کا اردہ رکھتے ہیں۔
لیگی ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف عید کے جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے بھی ملاقات کریں گے اور ان سے حالیہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔