این ڈی ایم اے نے امدادی سامان کابحری جہاز سری لنکا روانہ کردیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 200 ٹن امدادی سامان بحری جہاز کے ذریعے سری لنکا روانہ کردیا ہے جبکہ متاثرین کے لیے امدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔

این ڈی ایم اے کے اسلام آباد میں قائم گودام پر سامان روانگی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر مملکت برائے خزانہ اظہر بلال کیانی اور سری لنکن ہائی کمشنر نے شرکت کی۔

وزیر مملکت اظہر کیانی نے کہاکہ سری لنکا کے متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے اور این ڈی ایم اے ہر وقت آفات کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے سرگرم ہے۔

سری لنکن ہائی کمشنر نے فوری امداد فراہم کرنے پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان کی جانب سے سمندری راستے بھیجے گئے امدادی سامان کو سری لنکا پہنچنے میں قریباً 8 دن لگیں گے۔ امدادی پیکج میں خیمے، کمبل، رضائیاں، لائف جیکٹس، کشتیاں، پمپس، راشن اور ادویات شامل ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سری لنکا میں سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں پاکستان کی جانب سے امدادی کاروائیوں پر جائزہ اجلاس ہوا۔

وزیراعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں سری لنکا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم نے سری لنکا میں امدادی کاروائیوں کےحوالے سے متعلقہ اداروں کو بھرپور معاونت کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہاکہ سرچ اینڈ ریسکیو مرحلے کے بعد پاکستان متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو میں بھی بھرپور کردار ادا کرے گا۔

Back to top button