مذاکرات یا احتجاج،عمران خان نےاختیارات اچکزئی اور ناصر عباس کو سونپ دیئے

وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان نے حکومت سے مذاکرات کرنے یا تحریک چلانے سمیت تمام اختیارات محمود خان اچکزئی اور سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس کو دے دیے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا جمرود کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے حکومت سے مذاکرات کرنے یا نہ کرنے کی صورت میں احتجاجی تحریک چلانے سمیت تمام اختیارات محمود خان اچکزئی اور سینٹر علامہ راجا ناصر عباس کو تفویض کردیے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ سیاسی لائحہ عمل انہی قائدین کی مشاورت سے طے کیا جائے گا، تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی، پاکستان تحریک انصاف اس کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی دوسری اہم ہدایت سٹریٹ موومنٹ کے حوالے سے ہے، جس پر عملی طور پر تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، سٹریٹ موومنٹ کو کامیاب بنا کر دم لیں گے اور کارکنان اس سلسلے میں متحرک ہیں۔
