پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات وقت کا ضیاع ہوگا، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کاکہناہے کہ عمران خان تو اپنی ذات کے علاوہ کسی کا سوچتے ہی نہیں، اس لیے میرا نہیں خیال کہ مذاکرات میں پیشرفت ہو سکے گی، ان کے ساتھ مذاکرات وقت کا ضیاع ہوگا۔
خواجہ آصف کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ عمران خان اپنی ذات سے سوچنا شروع کرتے ہیں اور وہیں ختم کردیتے ہیں، گزشتہ کچھ عرصے سے پی ٹی آئی مختلف رنگ دکھا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی میں کچھ لوگ مذاکرات اور کچھ تصادم کی بات کرتے ہیں، پارٹی کے اندر ہی جب تقسیم ہے تو یہ پانچ بڑوں میں کیسے شامل ہو سکتی ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ وفاق کو بلیک میل اور حملہ کرنے کی باتیں کچھ عرصے سے کی جا رہی ہیں، عمران خان کا مفاہمت اور بات چیت کا ایجنڈا ہی نہیں۔ خواجہ آصف نے سوال اٹھایا کہ مفاہمت اور گفتگو کے لیے ایجنڈا کون طے کرےگا؟
انہوں نے کہاکہ محمود اچکزئی بڑے اعتماد سے عمران خان کے حوالے سے بات کررہے ہیں، میں ان سے پوچھوں گا کہ اس اعتماد کی وجہ کیا ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ پی ٹی آئی نے آج تک 9 مئی کی مذمت نہیں کی، یہ لوگ شہدا کی نماز جنازہ میں نہیں جاتے، جبکہ پی ٹی آئی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھی ہمارے ساتھ نہیں کھڑی۔
خواجہ آصف نے کہاکہ افغانستان کی حکومت اپنی سرزمین دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے کی کوئی گارنٹی نہیں دی رہی، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ کابل حکومت دہشتگرد عناصر کے پیچھے ہے۔
