نیپال:لاپتہ طیارے کے ملبے سے 14 لاشیں نکال لی گئیں

نیپال میں گزشتہ روز لاپتہ ہونیوالے مسافر طیارے کے تباہ ہونے کی تصدیق کے بعد اس کے ملبے سے 14 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

عالمی خبر رساں اداے کی رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے جائے حادثہ سے اب تک 14 لاشیں نکالی ہیں۔ کٹھمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ترجمان ٹیک راج سیتالا نے کہا تھا کہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ نیپال کی فوج نے کہا تھا کہ اس نے اس طیارے کے حادثے کی جگہ کا پتا لگا لیا ہے جو اتوار کو ابر آلود موسم کے دوران 22 افراد کے ساتھ لاپتا ہو گیا تھا۔ فوجی ترجمان نارائن سلوال نے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ سرچ اینڈ ریسکیو اہلکاروں کے دستوں نے طیارے کے حادثے کی جگہ کو تلاش کر لیا ہے۔ انہوں نے ساتھ ہی طیارے کے ملبے کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی دُم کا نمبر واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے اور طیارے کے کچھ حصے پہاڑ کے کنارے پر بکھرے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایئرلائن اور سرکاری حکام کے مطابق طیارے میں 4 بھارتی، 2 جرمن اور 16 نیپالی شہری سوار تھے، یہ طیارہ ایک ڈی ہیولینڈ کینیڈا DHC-6-300 ٹوئن اوٹر تھا جو نجی ملکیتی تارا ایئر کے ذریعے چلایا جاتا تھا، کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہونے سے قبل طیارہ 20 منٹ تک پرواز کرچکا تھا، اس نے دارالحکومت کٹھمنڈو سے 125 کلومیٹر مغرب میں واقع سیاحتی قصبے پوکھارا سے تقریباً 80 کلومیٹر شمال مغرب میں جومسوم کے لیے اڑان بھری تھی جو ایک مشہور سیاحتی مقام اور زیارت گاہ ہے۔

واضح رہے کہ نیپال، ماؤنٹ ایورسٹ سمیت دنیا کے 14 بلند ترین پہاڑوں میں سے 8 کا گھر ہے اور ہوائی حادثات کا ریکارڈ رکھتا ہے، یہاں کا موسم اچانک بدل سکتا ہے اور ایئر اسٹرپس عموماً پہاڑی علاقوں میں واقع ہوتی ہیں جہاں تک پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔

Back to top button