نیپراکابجلی کی قیمت میں کمی کااعلان

نیپرا نے ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے اپریل تا جون 2025 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 1.89 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کا فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
یہ کمی کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز صارفین پر لاگو ہوگی، تاہم لائف لائن اور پری پیڈ صارفین اس ریلیف سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں اس کمی کا اطلاق اگست سے اکتوبر 2025 کے دوران تین ماہ کے لیے ہوگا، جس سے صارفین کو مجموعی طور پر 55 ارب 87 کروڑ 40 لاکھ روپے کا ریلیف حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت نرخوں میں کمی کی درخواست دی تھی، جس پر نیپرا نے 4 اگست کو سماعت کی تھی۔
علاوہ ازیں، نیپرا نے کراچی کے سوا ملک کے دیگر حصوں کے لیے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بھی بجلی سستی کر دی ہے۔ جون 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 78 پیسے فی یونٹ کم کی گئی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین کو یہ ریلیف اگست کے بلوں میں فراہم کیا جائے گا، تاہم اس کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہوگا۔
