مذاکرات کےلیے اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا : ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جنگ بندی کےلیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہے ایران نے مذاکرات کےلیے اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر ایرانی عوام کی پاکستان سے والہانہ محبت کی ویڈیو شیئر کرتےہوئے لکھاکہ ہم نے مذاکرات کےلیے اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے لکھا کہ ہم جنگ بندی کےلیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں،امریکی میڈیا جنگ بندی کی خبروں کو غلط طریقے سے پیش کررہا ہے، ایران ان شرائط پر زور دیتا ہےکہ جنگ کا جامع اور دائمی خاتمہ ہونا چاہیے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ وہ اس مقصد کے حصول کےلیے کسی بھی مناسب صورت میں مذاکرات یا کسی بھی مثبت پیشرفت کےلیے تیار ہیں،بشرطیکہ وہ شرائط ایران کےلیے قابلِ قبول ہوں۔
یاد رہے کہ قبل ازیں امریکی میڈیا میں یہ خبر سامنےآئی تھی کہ ایران نے اسلام آباد میں امریکا کے ساتھ بات چیت سے انکار کر دیا ہے،جس کے باعث مذاکراتی عمل ختم ہوگیا ہے۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے جنگ بندی ثالثوں کو باضابطہ طور پر آگاہ بھی کردیا ہے۔
