عوامی مسائل کے حل کےلیے نئے صوبے ناگزیر ہیں : رہنما ایم کیو ایم

 

 

 

سینئر رہنما ایم کیو ایم پاکستان امین الحق کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام اب محض ایک سیاسی نعرہ نہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل، وسائل کی منصفانہ تقسیم، بہتر نظم و نسق کےلیے ایک ناگزیر ضرورت بن چکا ہے، موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ انتظامی تقسیم کو ازسرِنو ترتیب دیا جائے۔

 

رہنما ایم کیو ایم اور رکن قومی اسمبلی امین الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کم از کم 12 صوبے ہونے چاہییں تاکہ انتظامی امور کو مؤثر بنایا جا سکے۔

رکن قومی اسمبلی امین الحق نے کہا کہ بھارت،بنگلہ دیش اور دیگر ممالک نے بہتر حکمرانی اور عوامی سہولت کےلیے اپنی انتظامی اکائیوں میں اضافہ کیا ہے۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہاکہ اگرچہ پاکستان میں نئےصوبوں کے قیام پر ہمیشہ اختلافات اور تنازعات رہےہیں،تاہم موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ انتظامی تقسیم کو ازسرِنو ترتیب دیا جائے۔

امین الحق نے کہا کہ ان کی دھرتی ماں ان کا صوبہ نہیں بلکہ پاکستان ہے عوام کو بنیادی مسائل کے حل کےلیے بڑے شہروں کا رخ کرنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔لاڑکانہ سمیت ملک کے دیگر علاقوں کے شہریوں کو اپنے مسائل کےلیے کراچی جیسے شہروں پر انحصار نہیں کرناچاہیے۔اسی سوچ کے تحت پنجاب اور سندھ ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے۔

انہوں نے واضح مطالبہ کیاکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم،بہتر نظم و نسق اور عوامی سہولت کےلیے پاکستان میں مزید صوبے قائم کیے جائیں۔

 

 

 

 

Back to top button