نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری،بابراعظم کی 5 درجہ ترقی، سعود شکیل کی تنزلی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس میں بابراعظم کی 5 درجہ ترقی ہوئی،12ویں پوزیشن پرآگئے ہیں جب کہ نائب کپتان سعود شکیل 6 درجہ تنزلی کے بعد11ویں نمبر پر چلے گئے۔

کرکٹ انفو کے مطابق بھارت کیخلاف بورڈر گواسکر ٹرافی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آسٹریلیا کےفاسٹ باؤلر اسکاٹ بولینڈ پہلی بار آئی سی سی کی ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں ٹاپ10 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

بھارت کیخلاف سیریز میں بولینڈ نےآخری ٹیسٹ میں10 وکٹیں حاصل کیں اور وہ مین آف دی میچ بھی رہے، انکی اس کارکردگی کی وجہ سےوہ 29 درجے ترقی کے بعد نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بورڈر گواسکر ٹرافی میں 32 وکٹیں حاصل کرکےمین آف دی سیریز رہنے والے بھارتی باؤلر جسپریت بمراہ بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ آسٹریلیا کےکپتان پیٹ کمنز اور جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا بالترتیب دوسرےاور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ ٹاپ تھری سے باہر ہو گئے ہیں اور پاکستان کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے والے جنوبی افریقہ کے مارکو جانسن ٹیسٹ باؤلرز کی فہرست میں ٹاپ 5 میں شامل ہیں۔

پاکستان کے خلاف سنچری نے جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باووما کو کیریئر بیسٹ پوزیشن یعنی چھٹے نمبر پر پہنچادیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف اچھی بلے بازی کرنے والے ریشبھ پانٹ ایک بار پھر ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے ہیں، وہ 3 درجے ترقی کے ساتھ 9ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

انگلینڈ کے جو روٹ پہلے اور ہیری بروک دوسرے نمبر پر مووجود ہیں، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے اور بھارت کے یشوی جیسوال چوتھے نمبر پر ہیں۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 58 اور 81 رنز بنا کر دوبارہ ٹاپ 10 کے قریب پہنچ گئے ہیں اور محمد رضوان 2 درجے ترقی سے 19ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جب کہ سعود شکیل 6 درجے تنزلی کے بعد 11ویں نمبر پر چلے گئے۔

اسی طرح باؤلنگ میں نعمان علی 2 درجہ تنزلی کے بعد گیارہویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

Back to top button