نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میں بھی شکست دیدی

پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز میں دو صفر کی سبقت حاصل کر لی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 173 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو 21 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور محمد رضوان نے کیا تاہم پہلے ہی اوور میں صائم ایوب ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ محمد رضوان بھی 7 رن کے مہمان ثابت ہوئے۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور فخر زمان 25 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد 4 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، اعظم خان بھی 2 رن بنا کر چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
بابر اعظم نے مسلسل دوسرے میچ میں نصف سنچری اسکور کی اور وہ 43 گیندوں پر 66 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ شاہین آفریدی نے بھی 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملنے نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سین سیئر، اش سوڈھی اور ٹم ساؤتھی کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔
قبل ازیں ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
