نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر کاسپیشل،سینئرسیکریٹری کے عہدے ختم کرنےکااعلان

نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیرفیصل راٹھو ر نےعدالتی اصلاحات، اسپیشل اور سینیئر سیکریٹری کے عہدے ختم کرنے،سرکاری ملازمین کوایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینےکااعلان کردیا۔

تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اسمبلی میں پہلا خطاب کرتے ہوئے فیصل راٹھورنے کہاکہ آج بلاول بھٹو نے مجھ پر اعتماد کیا اور ذمہ داری سونپی، اللہ جب ذمہ داری دیتا ہے تو نبھانے کی ہمت بھی عطا کرتا ہے۔

آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم راجا فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ایکشن کمیٹی ایک حقیقت ہے جسے تسلیم کرنا ہوگا، ریاست کے معاملات کو چلانے کے لیے 20 رکنی کابینہ تشکیل دوں گا۔ ہم نے پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے کو مضبوط کرنا ہے۔

فیصل راٹھور نے کہاکہ اب سیکریٹری کے پاس صرف ایک گاڑی ہوگی۔ ’اسپیشل سیکریٹری اور سینیئر سیکریٹری کے عہدے ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، جبکہ ہماری حکومت عدلیہ میں بھی اصلاحات کرےگی۔‘

انہوں نے کہاکہ یہ ذمہ داری مجھ اکیلے پر نہیں بلکہ ان تمام لوگوں پر ہے جنہوں نے مجھے ووٹ دیا، میں آصف زرداری، بلاول بھٹو اور شہباز شریف کا شکر گزار ہوں۔

فیصل راٹھور نے کہاکہ آج پہلی بار ہوا کہ جانے والا وزیراعظم آنے والے کو خوش آمدید کہہ کر رخصت ہوا۔

انہوں نے انوارالحق پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ سابق وزیراعظم کے قلم میں تب حرکت ہوتی تھی جب بھونچال آ جاتا تھا، ہم سے چند غلط فیصلے بھی ہوئے۔ وسائل کے اندر رہ کر بہت سے مسائل حل کیے جا سکتے تھے مگر تاخیر ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ بطور وزیراعظم عہد کرتا ہوں کہ میرے قلم سے تاخیر نہیں ہوگی۔

فیصل راٹھور نے کہاکہ لوگ سمجھتے ہیں ہم مراعات یافتہ طبقہ ہیں، مگر ایسا کچھ نہیں، میرے والد نے ایک ہی مکان دوستوں کی مدد سے بنایا جسے میں نے الیکشن اخراجات کے لیے بیچا۔

وزیراعظم نے کہاکہ آج جو میرے اثاثے ہیں وہ وزارت عظمیٰ کے بعد بھی دیکھ لیجیے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ آج حکومت بنانے کے لیے شامل ہوئے وہ پیپلز پارٹی کا حصہ بن گئے ہیں اور آئندہ پی پی ٹکٹ پر ہی الیکشن لڑیں گے۔

نومنتخب وزیراعظم نے کہاکہ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے لیے برابری کے مواقع ہوں گے، ہماری حکومت عدلیہ میں اصلاحات کرےگی۔

انہوں نے مزید کہاکہ گریڈ ایک کے ملازمین کے لیے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان کرتا ہوں۔

Back to top button