NFC ایوارڈ: وفاقی حکومت نے 8 ورکنگ گروپس قائم کر دیے

وفاقی حکومت نے 11ویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے لیے 8 کمیٹیاں قائم کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق این ایف سی سے متعلق مختلف امور پر ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔ صوبائی دائرہ اختیار کے اخراجات سے متعلق سفارشات کے لیے ایک ورکنگ گروپ قائم کیا گیا ہے، جس کی سربراہی وزیر خزانہ پنجاب کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکز اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کے تناسب پر بھی ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے، جس کی سربراہی وزیر خزانہ بلوچستان کریں گے۔
قومی قرضوں کی ساخت اور ان کے استعمال کے لیے بھی ایک ورکنگ گروپ بنایا گیا ہے، جبکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب بہتر بنانے کے لیے قائم ورکنگ گروپ کی سربراہی وزیر خزانہ خیبر پختونخوا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق صوبوں کو وسائل کی براہ راست منتقلی کے معاملے پر بھی ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے، جس کی سربراہی وزیر خزانہ سندھ کے سپرد کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سابق فاٹا کے انضمام اور این ایف سی شیئر سے متعلق بھی ایک ورکنگ گروپ قائم کیا گیا ہے، جبکہ قابلِ تقسیم پول کی ساخت کے لیے بنائے گئے ورکنگ گروپ کی سربراہی وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق گیارہویں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق پہلا اجلاس 4 دسمبر کو منعقد ہوا تھا، جس میں وفاق اور صوبوں نے مختلف ورکنگ گروپس کی تشکیل کا فیصلہ کیا۔ این ایف سی سے متعلق دوسرا اجلاس آئندہ ماہ جنوری کے وسط تک متوقع ہے، جس سے قبل ورکنگ گروپس اپنے دائرہ اختیار میں سفارشات تیار کریں گے۔
