نااہل ہونےوالےارکان کی نشستوں پرکوئی امیدوارنہیں آئےگا،عمران خان

بانی تحریک انصاف عمران خان کاکہناہےکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل کئےجانے والےپی ٹی آئی ارکان کی سیٹوں پرکوئی امیدوارکھڑانہیں کیاجائےگا۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید بانی تحریک انصاف عمران خان نے اپنے کارکنان، قیادت اور قوم کے نام اہم پیغامات جاری کر دیے ہیں۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد علیمہ خان اور ان کی بہنوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی نے نااہل قرار دیے گئے پارٹی رہنماؤں کی نشستوں پر کسی اور کو کھڑا نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ نااہلیاں ناجائز اور غیر قانونی ہیں، ان فیصلوں کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔”

علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے جیل سے اپنی قیادت اور کارکنوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ گرفتاریوں اور دباؤ سے نہ گھبرائیں۔ بانی نے 14 اگست کو ملک گیر احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا کہ "عوام حقیقی آزادی کیلئے سڑکوں پر نکلیں”۔

عمران خان نے کہا کہ "ماضی کے ڈکٹیٹرز نے بھی اتنا ظلم نہیں کیا جتنا آج ہو رہا ہے، یحییٰ خان نے اقتدار کے لالچ میں ملک توڑا، آج ایک بار پھر آزادی، میڈیا اور جمہوریت خطرے میں ہے”۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عوامی ردعمل پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ "یہ ظلم کے خلاف عوام کی بیداری کا ثبوت ہے، میں اپنی قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں”۔

اس موقع پر عمران خان نے خیبر پختونخوا کی قیادت کو آپریشن بند کرنے کا پیغام بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ "علی امین گنڈا پور اگر آپریشن نہیں روک سکتے تو انہیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس کے ساتھ کھڑے ہیں، مسئلے کا حل جرگوں سے نکالا جائے، نہ کہ طاقت سے۔”

واضح رہے کہ عمران خان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک میں رول آف لا ختم ہوچکا ہے اور اگر قوم آزادی چاہتی ہے تو اسے اس کے لیے قربانی دینا ہوگی۔

Back to top button