تحریک عدم اعتماد، اجلاس کا پہلا روزمختصر،ووٹنگ میں ڈیڑھ ماہ تک تاخیرکرنے کی تجاویز

وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے سرگرم پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے ارکان نے عمران خان کو کچھ تجاویز دی ہیں۔

ذرائع نے وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونیوالے سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی کے حوالے سے بتایا کہ کمیٹی کے ارکان نے وزیر اعظم کو تجویز دی ہے کہ کل یعنی 25 مارچ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کو مختصر رکھا جائے، اور قومی اسمبلی کا اجلاس رکن اسمبلی خیال زمان کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد ملتوی کر دیا جائے اور اپویشن کو عدم اعتماد کی تحریک پیش نہ کر نے دی جائے۔

سیاسی کمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم کو یہ تجویز بھی دی ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ میں ایک سے ڈیڑھ ماہ تاخیر کی جائے۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے کل کے اجلاس میں تمام حکومتی اراکین کی حاضری یقینی بنانےکی تجویز بھی سامنے آئی، ارکان نے تجویز دی کہ اجلاس میں تمام اتحادیوں کوبھی شرکت کا کہا جائے۔ذرائع کاکہناتھا کہ حکومت کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں دی جانے والی تجاویز کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی۔

سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اس لیے اپوزیشن کےساتھ جانے کا اعلان نہیں کررہے، اتحادی ابھی تک ہمارا حصہ ہیں، اگر ایسی بات نہ ہوتی تو وہ اب تک استعفیٰ دے چکے ہوتے۔

منحرف اراکین کے خلاف 7 روز ہونے کے بعد کارروائی کریں گے، پرُامید ہیں سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارےحق میں آئے گا ، تمام منحرف اراکین تا حیات نا اہل ہوں گے۔

پی ٹی آئی کے 27 مارچ کے جلسے کی جگہ تبدیل

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو جو خوش فہمی ہے اتحادی اس میں نہیں آئیں گے،اتحادیوں کا باضابطہ اعلان نہ کرنا ظاہر کرتا ہے کہ وہ حکومت کے حامی ہیں، اتحادیوں سے رابطے میں ہوں، وہ ہمیں مایوس نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا27 مارچ کو عوام کا سمندر اسلام آباد میں ہوگا اور معلوم ہو جائیگا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں،اپوزیشن کے خوابوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی، 27 کو مقابلے کیلئے کوئی نہیں ہوگا،ہم یہ لڑائی جیت چکے ہیں۔

Back to top button