وادی تیراہ میں کوئی بڑا فوجی آپریشن نہیں ہونے جا رہا،احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال کاکہنا ہے کہ وادی تیراہ میں کوئی بڑا فوجی آپریشن نہیں ہونے جا رہا، دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز معمول کی بات ہے جو جاری رہیں گے۔
احسن اقبال کانجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وادی تیراہ میں بے امنی اور دہشتگردوں کی موجودگی کی وجہ سے لوگ نقل مکانی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت کو جواب دینا چاہیے کہ یہ لوگ دہشتگردوں کے ساتھ ہیں یا پاکستان کے عوام کے ساتھ، پی ٹی آئی پاکستان کے اداروں کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں قیام امن صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم دہشتگردی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت سے ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
احسن اقبال نے کہاکہ ہم نے 2018 میں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کردیا تھا، لیکن بعد میں پی ٹی آئی نے ایک بار پھر دہشتگردوں کو یہاں لا کر بسایا، جس کے نتائج آج سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے ایسی کوئی اپیل نہیں کی کہ لوگ وادی تیراہ سے نکل جائیں، لوگ بے امنی اور دہشتگردوں کی موجودگی کی وجہ سے نقل مکانی کررہے ہیں۔
احسن اقبال نےپی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ لوگ مجھے دہشتگردوں کے حمایتی نظر آتے ہیں۔
