ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کیلئے نامزدگیاں طلب

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نےاعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کےقواعد کی منظوری کے فوری بعد ہائی کورٹس میں ایڈیشنل ججزکی تقرری کےلیےاراکین سے نامزدگی طلب کرلی۔

جوڈیشل کمیشن نےمختلف ہائی کورٹس میں مجموعی طور پر 38 خالی اسامیوں کے لیےنامزدگیاں طلب کی ہیں،سندھ ہائی کورٹ کے لیے 12، اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے 4، لاہور ہائی کورٹ کےلیے 10، پشاور ہائی کورٹ کے لیے 9 اور بلوچستان ہائی کورٹ کےلیے 3 سفارشات طلب کی گئی ہیں۔

جوڈیشل کمیشن نے ارکان کو مطلع کیا ہے کہ قواعد ساز کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ فارم پر ان کی نامزدگیاں 3 جنوری 2025 تک اس کے سکریٹریٹ تک پہنچنی چاہئیں، کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اس کا سیکریٹریٹ ہارڈ کاپی میں نامزدگیاں قبول نہیں کرے گا۔

جسٹس منصور کی بطور انتظامی جج سپریم کورٹ کی ذمہ داریاں ادا کرنے سے معذرت

 

کمیشن پہلے ہی جوڈیشل کمیشن آف پاکستان ججز کی تقرری رولز 2024 کو گزٹ میں نوٹیفائی کرچکی ہے تاکہ اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کے لیےتشخیص، تقویم اور فٹنس کے طریقہ کارکو ریگولیٹ کیا جاسکے۔

21 دسمبر کوجوڈیشل کمیشن نے مجوزہ رولز کی کچھ ترامیم کےساتھ منظوری دی تھی، کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کمیشن کے مسلسل دو اجلاسوں کی صدارت کی تھی،جسے 26 ویں ترمیم کے تحت دوبارہ تشکیل دیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ کے 13 نومبر 2024 کے خط (ایف 6/ ایم آئی ایس سی / پنشن / 2018-ایس سی پی) کی روشنی میں صدارتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم کورٹ کے ججوں کے سپیریئر جوڈیشل الاؤنس پر یکم جولائی 2024 سے نظر ثانی کردی گئی ہے۔

اس نظر ثانی کی بنیاد پر سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ چیف جسٹس اور ججوں کی پنشن میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

اے جی پی آر اسلام آباد کے دفتر نے نومبر 2024 سے تمام 84 پنشنرز کی پنشن پر نظر ثانی کی ہے جن میں 12 سابق چیف جسٹس، 38 سابق ججز، چیف جسٹس/ ججز کی 24 بیوائیں، 9 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔

سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے سے متعلق وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق حکومت کی جانب سے سرکاری رہائش فراہم نہ کرنے کی صورت میں سپریم کورٹ کے جج کے گھر کا کرایہ 68 ہزار روپے ماہانہ سے بڑھا کر 3 لاکھ 50 ہزار روپے کردیا گیا ہے، حکومت ججوں کی رہائش گاہ کی دیکھ بھال کے اخراجات بھی برداشت کرے گی۔

اسی طرح سپیریئر جوڈیشل الاؤنس 4 لاکھ 28 ہزار 40 روپے سے بڑھا کر 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے کر دیا گیا ہے۔

Back to top button