علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے تھانہ صادق آباد میں 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے میں عمران خان کی بہن علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
علیمہ خان کی جانب سے وکیل فیصل ملک عدالت پیش ہوئے، اور حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کے اکائونٹ اور شناختی کارڈ جب تک ڈی فریز نہیں ہونگے وہ عدالت میں پیش نہیں ہونگی۔
دوران سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ ملزمہ عدالت کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتی نہ عدالت کو ہائیجیک کرسکتی ہے، عدالت نے مقدمے کا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چلانے کے احکامات دئیے ہیں، ملزمہ کا شروع دن سے رویہ غیر زمہ دارانہ ہے، ملزمہ عدالت پیش ہی نہیں ہورہی تو شناختی کارڈ یا بینک اکاونٹ کیسے ڈی فریز کئے جائیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ کےپی سہیل آفریدی کی ملاقات ہوگئی
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد علیمہ خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کردی اور علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔
عدالت نے حکم دیا کہ ایس پی راول علیمہ خان کو گرفتار کرکے کل تک عدالت میں پیش کرے،ملزمہ جب تک عدالت پیش نہیں ہوگی بینک اکاونٹ اور شناختی کارڈ بلاک رہیں گے۔
اس کے علاوہ عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔
دوران سماعت استغاثہ کے گواہان عدالت میں موجود تھے، مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
واضح رہےکہ علیمہ خان کے خلاف درج مقدمے میں مجموعی طور پر 10 گواہان پر جرح مکمل ہوچکی ہے، عدالت نے آج جرح کے لئے مزید گواہان کو طلب کر رکھا تھا۔
