سندھ کا پانی نہیں لےرہے،مریم نوازنےنہریں نکالنےکےمعاملےپرخاموشی توڑ دی

کسی صوبے کا پانی نہیں لے رہے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملے پرخاموشی توڑ دی۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے معاملے پر تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے، جبکہ سندھ کے کئی شہروں میں احتجاج بھی ہورہے ہیں۔

گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کی قیادت کو یقین دلایا ہے کہ دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے معاملے پر مل بیٹھ کر بات کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف سے پی پی قیادت کی ہونے والی میٹنگ میں چیئرمین بلاول بھٹو، خورشید شاہ، گورنر پنجاب اور دیگر قیادت موجود تھی۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ کینالز کے معاملے پر اتفاق رائے سے جو فیصلہ ہوگا اس پر عمل کریں گے۔کینالز کے معاملے پر سندھ میں جس طرح سیاست ہورہی ہے پیپلزپارٹی کو اس اسپیس کو کور کرنا چاہیے۔ پیپلزپارٹی اس مسئلے پر اونر شپ لے گی تو درست فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے معاملے پر پنجاب اور سندھ آمنے سامنے ہیں، اور پاکستان پیپلزپارٹی نے تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔

کچھ روز قبل چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ پانی کا مسئلہ ہمارے لیے جینے مرنے کا معاملہ ہے، دریائے سندھ سے 6 کینالز نکالنے کا معاملہ ہر فورم پر اٹھا رہے ہیں، اور اب بھرپور انداز سے تحریک شروع کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پنجاب کی جانب سے 2024 سے دریائے سندھ سے کینال نکالنے کی کوشش ہورہی ہے، لیکن ہم نے یہ سلسلہ روکا ہوا ہے، اور اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

Back to top button