انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر 4 سیاسی جماعتوں کو نوٹسز جاری

الیکشن کمیشن نے 4 سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی انتخابات نہ کروانے کے معاملے پر نوٹس جاری کردیئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شاہد خاقان عباسی کی عوام پاکستان پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت 7 اپریل کو ہوگی جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے انتخابات نہ کروانے کے کیس کی سماعت بھی اسی دن رکھی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی کو نوٹس جاری کیا ہے۔
اسی طرح پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات نہ ہونے کا کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق استحکام پاکستان تحریک کے انتخابات کے کیس پر بھی کارروائی کی جائے گی اور چاروں جماعتوں کے خلاف سماعت بیک وقت 7 اپریل کو ہوگی۔
واضح رہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے کا معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اور اسی بنیاد پر گزشتہ عام انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف سے انتخابی نشان واپس لے لیا گیا تھا۔
