سول سرونٹس کے اثاثہ جات رولز 2023 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس سے قبل وفاقی حکومت نے ایک اہم قدم اٹھا لیا ہے۔

ایف بی آر نے سول سرونٹس کے اثاثہ جات رولز 2023 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ’’سول سرونٹ‘‘ کی تعریف کو بدل کر ’’پبلک سرونٹ‘‘ کر دیا ہے۔

نئی تعریف کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے بالاتر افسران، وفاق اور صوبوں کی حکومتوں کے افسران، خود مختار اداروں اور کارپوریشنز کے افسران کو اس میں شامل کیا گیا ہے۔

تاہم نیب آرڈیننس 1999 کے تحت مستثنیٰ افراد اس تعریف میں شامل نہیں ہوں گے، اور ترمیم شدہ قواعد صرف پبلک سرونٹس پر نافذ ہوں گے۔

یہ ترمیمی مسودہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 237 کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ایف بی آر نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے ان کی آراء اور تجاویز طلب کی تھیں۔

گزشتہ ماہ ایف بی آر نے مسودہ رائے، اعتراضات اور سفارشات کے لیے جاری کیا تھا۔ پاکستان کے بارے میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 8 دسمبر کو طے ہے، جس میں پاکستان کے لیے 1.20 ارب ڈالر جاری کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔

Back to top button