26 نومبراحتجاج کیس: ATC نے بشریٰ بی بی کی ضمانت میں 9 اپریل تک توسیع کر دی

انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 9 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔

کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی، جس دوران بشریٰ بی بی کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی مؤکلہ کو اب تک کسی بھی مقدمے میں شامل تفتیش نہیں کیا گیا، لہٰذا عدالت حکم دے کہ انہیں تمام کیسز میں شامل تفتیش کیا جائے۔

عدالت نے ہدایت جاری کی کہ 29 مقدمات میں بشریٰ بی بی کو ان کے شوہر اور وکلا کی موجودگی میں شامل تفتیش کیا جائے۔

دوسری جانب جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 7 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ سماعت کے دوران اڈیالہ جیل اور عدالت کے درمیان ویڈیو لنک سسٹم فعال نہ ہونے کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت تک اس نظام کو فعال بنانے کی ہدایت دی۔

اسی کیس کی سماعت بھی جج امجد علی شاہ نے کی، جس میں شیخ رشید احمد اور شیریں مزاری عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ دیگر ملزمان کی حاضری بھی جاری رہی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ عمران خان کی جیل روبکار کے ذریعے حاضری لگائی گئی۔ کیس میں اب تک 119 گواہوں میں سے 44 کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔

وکیل صفائی کے مطابق ویڈیو لنک کے ذریعے ٹرائل سے متعلق نوٹیفکیشن کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، جس پر آئندہ سماعت میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔

Back to top button