26 نومبر احتجاج : بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 13 جنوری تک توسیع
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے 26 نومبر کے احتجاج سےمتعلق مقدمات میں نامزد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 13 جنوری تک توسیع کردی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے 26 نومبر کے احتجاج پر درج 3 مقدمات کی ضمانت کےلیے بشریٰ بی بی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
بشریٰ بی بی ضمانت کے حصول کےلیے وکلا کے ساتھ خود عدالت میں پیش ہوئیں، عدالت نے 50، 50 ہزار روپے کےمچلکوں کے عوض ان کی 13 جنوری تک عبوری ضمانت منظور کرلی، بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ ترنول میں ایک اور 3 مقدمات تھانہ رمنا میں درج ہے۔
واضح رہےکہ عمران خان کی رہائی کےلیے 24 نومبر کو بشریٰ بی بی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے پشاور سے اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کیا تھا۔
پی آئی آئی کے مظاہرین25 نومبر کی شب وہ اسلام آباد کےقریب پہنچ گئے تھے تاہم اگلے روز اسلام آباد میں داخلے کےبعد پولیس اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے ساتھ پی ٹی آئی کے حامیوں کی جھڑپ کے نتیجے میں متعدد افراد،پولیس اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
پی ٹی آئی سے مذاکرات میں ان باتوں تک پہنچا جا سکتا ہے جس میں سب کیلئے آسانی ہو: رانا ثنا
27 نومبر کو اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں عمران خان، بشریٰ بی بی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور و دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت متعدد مقدمات درج کیےگئے تھے۔